غیر مسلم ٹیچر کی سالگرہ میں شرکت کا حکم:

3 min readFatwa Vol 8 #93Urdu
Vol. 8باب (۱۳): حظر و اباحت سے متعلق متفرق مسائل کا بیان

Question

اسلامی اسکول میں کسی غیر مسلم ٹیچر کی سالگرہ میں شرکت کرنا اور برتھ ڈے گیت گانا جائز ہے یا نہیں ؟ بینوا توجروا۔

Answer

غیر مسلم کی سالگرہ کے موقعہ پر یہ دعا کرنا چاہیے کہ اللہ تعالی اس کی عمر اور صحت کو دراز کر کے اس کو ہدایت نصیب فرما دے، باقی برتھ ڈے منانا غیر مسلموں کا طریقہ ہے، صحابہ کرام اور تابعین نے رسول اللہ ﷺ کا یومِ ولادت نہیں منایا اور نہ کبھی اس کا اہتمام کیا ،بعد والے لوگوں نے ان چیزوں کو ایجاد کیا جو حجت نہیں۔ احکام القرآن میں حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمه الله رقم طراز ہیں:

قوله تعالى: ﴿لا ينهاكم الله عن الذين لم يقاتلوكم في الدين﴾

وبالجملة في الآية دليل على جواز البر والإحسان إلى الكافر إذا لم يكن محارباً لكن يشترط أن لا يقصد تعظيمه وإكرامه وفي التعبير بعدم النهي إشارة إلى أنه مأذون فيه فقط لا أنه مرغوب فيه. (أحكام القرآن: ۵/٤۵، إدارة القرآن).

تفسیر عثمانی میں شیخ الاسلام حضرت مولانا شبیر احمد عثمانی رحمه الله فرماتے ہیں:
مکہ میں کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو آپ مسلمان نہ ہوے اور مسلمان ہونے والوں سے ضد اور پرخاش بھی نہیں رکھی، نہ دین کے معاملہ میں ان سے لڑے نہ ان کو ستانے اور نکالنے میں ظالموں کے مدد گار بنے، اس قسم کے کافروں کے ساتھ بھلائی اور خوش خلقی سے پیش آنے کو اسلام نہیں روکتا، جب وہ تمہارے ساتھ نرمی اور روا داری سے پیش آتے ہیں، انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ تم بھی ان کے ساتھ اچھا سلوک کرو اور دنیا کو دکھا دو کہ اسلامی اخلاق کا معیار کس قدر بلند ہے، اسلام کی تعلیم یہ نہیں کہ اگر کافروں کی ایک قوم مسلمانوں سے بر سرِ پیکار ہے، تو تمام کافروں کو بلا تمیز ایک ہی لاٹھی سے ہانکنا شروع کر دیں، ایسا کرنا حکمت و انصاف کے خلاف ہوگا، ضروری ہے کہ عورت، مرد، بچے، بوڑھے، جوان اور معاند و مسالم میں ان کے حالات کے اعتبار سے فرق کیا جائے جس کی قدرے تفصیل سورۂ مائدہ اور آلِ عمران کے فوائد میں گذر چکی۔ (تفسیر عثمانی، ص
۷۲۹
)۔
کفایت المفتی میں مرقوم ہے:
کسی غیر مسلم کی درازیٔ عمر کی دعا مانگنا اس نیت سے کہ شاید خدا تعالی اس کو ہدایت فرما دے اور وہ آئندہ عمر میں نور اسلام سے منور و مستنیر ہو جائے جائز ہے۔ (کفایت المفتی:
۹
/
۵٦
، ط: دار الاشاعت)۔
واللہ سبحانہ و تعالی اعلم

Ask DU Zakariyya

Fatawa SA is an independent, read-only index of fatawa already published by Darul Iftaa, Darul Uloom Zakariyya. It is not a fatwa service. For your own situation, ask the issuing Darul Ifta directly.