لڑکیوں کے اسماء اور ان کے معانی:
Question
لڑکیوں کے اسماء اور ان کے معانی:
Answer
حرف الالف:
آسیہ: ستون کی طرح مضبوط عورت، ایمان میں مضبوط اور پختہ ۔ (تاج العروس: ۳۷/۷۹، و القاموس الوحید: ۱/۱۲۵، و مصباح اللغات، ص ۳۵) ۔
آصفہ: ایک پودا جس کی کلیاں سرکے کے ساتھ یا نمک کے ساتھ کھاتے ہیں ۔ الاصف: نبت من الفصيلة الكبرية له شوك وورق أخضر وثمره لبي تؤكل براعمه مخللة أو مملحة ۔ (المعجم الوسیط، ص ۲۰، و تاج العروس: ۲۳/۲۰) ۔
اروی: خوبصورت ۔ (المعجم الوسیط، ص ۳۸٤، و مصباح اللغات، ص ۳۲٦) ۔
اسماء: بلند مرتبہ والی ۔ سما، يسمو، سمواً، علا وارتفع وتطاول. (المعجم الوسیط، ص ٤۵۲، و مصباح اللغات، ص ۳۹۸) ۔
امامہ، امیمہ: رہبر، رہنما، پیاری لڑکی ۔ (تاج العروس: ۳۱/۲۳۰، و القاموس الوحید: ۱/۱۳۵) ۔
امیہ: پیاری یا چھوٹی لڑکی ۔ (المعجم الوسیط، ص ۲۸) ۔
اریبہ: ہوشیار، دور اندیش لڑکی ۔ (تاج العروس: ۲/۱۵) ۔
إلانہ: نرم ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۱٦) ۔
إلیانہ: نرم ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۱٦) ۔
الینہ بیگم: یہ اصل میں اللینہ ہے جو عمدہ کھجور ہے اور بیگم: میں بیگ کے معنی امیر کے ہیں اور م ترکستانی زبان میں مؤنث کی علامت ہے تو بیگم کے معنی عمدہ اور امیر خاتون ۔ (غیاث اللغات، ص ۹۳) ۔
حرف الباء:
بریرہ: پیلو کے درخت کا پھل ۔ ثمر الاراك عامة ۔ (تاج العروس: ۱۰/۱۸۸) ۔
بثینہ: خوبصورت نرم و نازک لڑکی ۔ (المعجم الوسیط، ص ۳۸، و تاج العروس: ۳٤/۲۳۰) ۔
برزہ: وہ لڑکی جس کی خوبیاں کھلی ہوئی ہوں ۔ امرأة برزة بارزة المحاسن ظاهرتها. (تاج العروس: ۱۵/۲۰) ۔
بریعہ: خوبصورت، دوسروں پر فوقیت رکھنے والی ۔ (المعجم الوسیط، ص ۵۰، و تاج العروس: ۲۰/۳۱۹) ۔
بسرہ: طلوع ہونے والے سورج کی طرح ۔ (تاج العروس: ۱۰/ ۱۷٤) ۔
بہیّہ: خوبصورت و حسین آنکھوں والی ۔ (تاج العروس: ۳۷/۲٤۱، و المعجم الوسیط، ص ۷٤) ۔
بارعہ: حسین و جمیل اور فضیلت والی لڑکی ۔ جارية بارعة أي جميلة برع تم في كل شيء فضيلة وجمال. (تاج العروس: ۲۰/۳۱۷) ۔
باصرہ: اچھی طرح نگرانی اور پر ورش کرنے والی ۔ (المعجم الوسیط، ص ۵۹) ۔
بارقہـ: روشن چہرے والی ۔ (القاموس الوحید: ۱/۱٦۱) ۔
بلقیس: تخمینہ اور اندازہ کرنے میں ماہر عورت ۔
بکرہ: صبح کی طرح روشن چہرے والی ۔ (المعجم الوسیط، ص ٦۷، و المنجد، ص ۹۷) ۔
بلیلہ: سخاوت کرنے والی ۔ (المعجم الوسیط، ص ۷۰) ۔
براعت: حسن و جمال میں یکتا ۔ (المنجد، ص ۸۳، و لسان اللسان، ص ۷۸، و المعجم الوسیط، ص ۵۰) ۔
بی بی خانم: بی بی کے معنی امیر زادی، اور خانم کے معنی ہے شریف زادی ۔ (لغاتِ کشوری، ص ۷۸) ۔
بانو: امیر کی زوجہ ۔ (لغاتِ کشوری، ص ۵۹) ۔
بیگم: امیر کی زوجہ ۔ بیگ کے معنی امیر ہے اور م ترکستانی زبان میں مؤنث کی علامت ہے ۔ (لغاتِ کشوری، ص ۷۸و غیاث اللغات، ص ۹۳) ۔
حرف الباء الفارسی:
پری: خوبصورت جنیہ ۔ (لغاتِ کشوری، ص۸٤) ۔
پروین: چند ستاروں کا مجموعہ ۔ (لغاتِ کشوری، ص۸٤) ۔
پشمینہ: اون کی طرح نرم ۔ (لغاتِ سعیدی، ص۱۳۲) ۔
پدم: ایک پانی والا پودا جس کو نیلوفر کہتے ہیں ۔
حرف التاء:
تحیہ: سلام، دعا، اور برکت ۔
حرف الثاء:
ثویلہ: جماعت والی ۔ (المنجد، ص۱۳۱، و لسان اللسان، ص۱۵۷، و مصباح اللغہ، ص۹۸) ۔
ثبیتہ: بہادر، اور دین میں ثابت قدم ۔ (المعجم الوسیط، ص ۹۳، و مصباح اللغات، ص۹۰) ۔
ثریا: ستاروں کا مجموعہ ۔ (لسان اللسان، ص۱٤٦، و المعجم الوسیط، ص۹۵، و المنجد، ص۱۲۳) ۔
ثویبہ: چھوٹی جماعت والی ۔ الجماعۃ من الناس ۔ (لسان اللسان، ص ۱۵٦، و المنجد، ص۱۳۰، و المعجم الوسیط، ص۱۰۲) ۔
حرف الجیم:
جویریہ: پیاری لڑکی، آفتاب، کشتی، اللہ کی نعمت ۔ (لسان العرب: ۱/۱٤۰، و القاموس الوحید: ۱/۲۵٤) ۔
جسرہ: بہادر، ہر کام میں سبقت کرنے والی ۔ (المنجد، ص۱۵۲، و لسان اللسان، ص۱۸٦، و المعجم الوسیط، ص۱۲۲) ۔
جمامہ: آرام اور راحت پہنچانے والی ۔ (المعجم الوسیط، ص۱۳، و القاموس الوحید: ۲۸۳) ۔
جمانہ: موتی ۔ الجمان اللؤلؤ ۔ (المنجد، ص۱٦۸، و المعجم الوسیط، ص۱۳۷، و لسان اللسان، ص۲۰٦) ۔
جفنہ، جفینہ: سخاوت والی ۔ (القاموس الوحید: ۱/۲٦۷) ۔
حرف الحاء:
حواء: سرخی مائل سیاہی ۔ الحمرة تضرب إلى السواد ۔ (الصحاح: ۵/۱۸۵٤، و القاموس الوحید: ۱/۳۹۷) ۔
حفصہ: شیر کی بچی ۔ (تاج العروس: ۱۷/۵۲۷) ۔
حارثہ: آخرت کی تیاری کرنے والی ۔ (تاج العروس: ۵/۲۱٤، و الصحاح: ۵/۲۱٦) ۔
حشمت: حیادار و بدبہ والی ۔ (الصحاح: ٤/۱۵٤۳، و تاج العروس: ۳۱/٤۹۰) ۔
حنّہ: رحم والی ۔ (مصباح اللغات، ص۱۷۸، و تاج العروس: ۳٤/٤٦۰) ۔
حوراء: گوری، خوبصورت لڑکی ۔ الحوراء من النساء البيضاء. (المعجم الوسیط، ص۲۰٦، و تاج العروس: ۱۱/۱۰۰) ۔
حِرا: لوگ لڑکی کا نام حرا رکھتے ہیں اس میں تبرک مقصود ہوتا ہے جیسے حرا پہلی وحی کی مبارک جگہ ہے یہ لڑکی بھی مبارک ہے، ممکن ہے کہ حرا لائق اور مناسب کے معنی میں ہو چونکہ اس غار تک فاصلہ مناسب تھا نہ مکہ سے زیادہ دور تھا اور نہ قریب اس لیے اس کا نام حرا رکھا گیا ۔
حرف الخاء:
خدیجہ: عیوب سے اور مردوں سے منقطع ہونے والی ۔
خولہ: ہرن، خوبصورت ۔ (المعجم الوسیط، ص۲٦۳، و تاج العروس: ۲۸/٤٤۷) ۔
خنساء: نیل گائے ۔ (القاموس الوحید: ۱/٤۷۹، و الصحاح: ۲/۷۸۳، و تاج العروس: ۱٦/۳٦) ۔
خضیبہ: سر سبز و شاداب ۔ (الصحاح: ۱/۱۰۹، و تاج العروس: ۲/۳٦۹) ۔
خریدہ: شرمیلی ۔ (الصحاح: ۲/٤۰۹، و تاج العروس: ۸/۵۵) ۔
خمیلہ: شال، اونی چادر ۔ (مصباح اللغات، ص۲۲۰، و تاج العروس: ۲۸/٤۳۷) ۔
حرف الدال:
درہ: موتی ۔ اللؤلؤة العظيمة ۔ (تاج العروس: ۱۱/۲۸۲) ۔
دعامۃ: ستون ۔ (تاج العروس: ۳۲/۱۵٦) ۔
دیباجہ: حسین و جمیل اور ریشم کی طرح نرم و نازک ۔ (مصباح اللغات، ص۲۲۸، و تاج العروس: ۵/۵٤٦) ۔
حرف الذال:
ذنابہ: تابعدار ۔ (المعجم الوسیط، ص۳۱٦) ۔
ذکیہ: ہوشیار و ذہین ۔ (الصحاح: ۱/۲۲۷، و لسان العرب: ۱٤/۲۸۷) ۔
حرف الراء:
رقیہ: ترقی کرنے والی ۔ (المعجم الوسیط، ص۳٦۹) ۔
رعلہ: اگر راء مضموم ہو تو پھولوں کا گلدستہ جو تاج کی شکل میں سروں پر رکھا جاتا ہے ۔ اور اگر راء مفتوح ہو تو تیز رفتار گھوڑوں کا دستہ اور گلّہ ۔ (المعجم الوسیط، ص۳۵۵) ۔
ریطہ: چادر ۔ (لسان العرب: ۷/۳۰۷، و مقاییس اللغۃ: ۲/۳۸۷) ۔
روضہ: خوبصورت باغیچہ ۔ (لسان العرب: ۷/۱٦۲، و المعجم الوسیط، ص۷۹٤) ۔
رمیصاء: ستارہ ۔ (تاج العروس: ۱/٤٤۵۹، و المعجم الوسیط، ص۷۷٤) ۔
ربابہ: سردار ۔ (المعجم الوسیط، ص ٦٦۱، و المنجد، ص۲۳٤) ۔
ربانیہ: اللہ والی، مربیہ ۔ (روح المعانی: ۳/۲۰۸) ۔ بعض لوگ اس کو بگاڑ کر ریبان بولتے ہیں ۔
ربیعہ: بہار ۔ (المعجم الوسیط، ص۳۲۵) ۔
رہیفہ: نرم و نازک ۔ (المعجم الوسیط، ص۳۷۸) ۔
رائعہ: اپنے حسن یا شجاعت سے لوگوں کو تعجب میں ڈالنے والی ۔ (المنجد، ص ٤۱۹، و المعجم الوسیط) ۔
ریّہ: سیراب کرنے والی ۔ (المنجد، ص ٤۲۳، و لسان العرب: ۱۳/٤۹٤) ۔
ریشہ: قلم۔ (القاموس الوحید: ۱/٦۹۱)۔
رغیبہ: مرغوبہ لڑکی۔ (القاموس الوحید: ۱/٦٤۳، و لسان اللسان، ٤۸۷)۔
رشیقہ: خوش مزاج لڑکی۔ (القاموس الوحید: ۱/٦۲۸، و لسان اللسان، ص ٤۸۸)۔
رصافہ: دین میں پختہ اور مضبوط۔ (القاموس الوحید: ٦۳۱، و لسان العرب، ص۱۲۱)۔
رخیمہ: نرم و نازک۔ (القاموس الوحید: ۱/٦۱۰)۔
رملہ: ریت پتھر کی طرح صاف ستھری۔ (القاموس الوحید: ۱)۔
رمثہ: اصلاح کرنے والی۔ (القاموس الوحید: ۱/٦٦۷، و لسان اللسان، ص۵۱۱)۔
روبینہ: جس کا چہرہ دیکھنے کے قابل ہو۔ روب: چہرہ، اور بین دیکھنا۔ (لغاتِ کشوری، ص۲۱۷)۔
رخشندہ: چمکتی ہوئی روشن۔ (لغاتِ کشوری، ص۲۱۰)۔
رخسانہ: غالباً یہ لفظ رخشانہ ہوگا، جس کو عوام نے بگاڑ کر رخصانہ بنایا، اور اس کے معنی شاندار چہرہ والی لڑکی ہے، تاہم اگر رخسانہ کو سین کے ساتھ تسلیم کر لیں تو پھر اس کے معنی یہ ہوں گے: رخ یعنی چہرہ، اور سان کے معنی وہ ریتی جس سے لوہے کے زنگ کو صاف کرتے ہیں تو مطلب یہ ہوگا وہ مسکراتی ہوئی خوش مزاج بچی جس کو دیکھ کر دل کا میل کچیل صاف ہو جاتا ہے۔
حرف الزای:
زینب: ایک خوشبو دار پودا۔ (القاموس الوحید: ۱/۷۱۹، و لسان اللسان، ص۵۵۵)۔
زبیدہ: دین میں خالص، اصل زبدہ مکھن کو کہتے ہیں اور مکھن دودھ دہی کا خلاصہ ہوتا ہے۔ (القاموس الوحید: ۱ / ۵ ٦۹، و المعجم الوسیط، ص۳۸۷)۔
زَہراء: سفید روشن چہرے والی حسین و جمیل۔ الأزهر: الايبض المستنير، والمرأة الزهراء. (لسان اللسان، ص۵۵۸، و القاموس الوحید: ۱/۷۲۲)۔
زُہرہ: ستارہ کے طرح روشن چہرے والی۔ الزهرة: الكوكب الأبيض والزهرة الحسن البياض (لسان اللسان، ص۵۵۸، و القاموس الوحید: ۱/۷۲۲)۔
زَہرہ: پھول، و خوبصورت لڑکی۔ (لسان اللسان، ص۵۵۸)۔
زاہرہ: سفید سرخی مائل خوبصورت۔ والزاهر: الحسن الابيض من الرجال، وقيل: هوالأبيض فيه حمرة. (لسان اللسان، ص۵۵۸)۔ نیز پھول اور کلی والا پودا۔ (القاموس الوحید: ۱/۷۲۲)۔
زعیمہ: سردار۔ (الصحاح: ٤/۱۵۷٦، و تاج العروس: ۳۲/۳۱٤)۔
زکیہ: پاکیزہ۔ (الصحاح: ۵/۱۸۸۸، و تاج العروس: ۳۸/۲۲٤)۔
زلیخا: حسین و جمیل عورت۔ (فیروز اللغات، ص: ۷٤۷)
زہیرہ: کلی اور پھول۔ (تاج العروس: ۱۱/٤۷۳، و الصحاح: ۲/۵۸۰)۔
حرف السین:
سارہ: راز دار۔ (مصباح اللغات، ص۳۷۰، و تاج العروس: ۱۲/۱۹)۔
سعدی: ایک خوشبو دار پودا، نیک بخت لڑکی۔ اسمِ تفضیل اسعد کا مؤنث ہے۔ (الصحاح: ۲/٤۲۵، و تاج العروس: ۸/۱۹۸)۔
سودہ: کھجوروں والی زمین، برکت والی، مالدار۔ (مصباح اللغات، ص ٤۰۵، و تاج العروس: ۸/۲۳۱)۔
سناء: بلند مرتبہ والی۔ السني الرفيع، السناء العلو وارتفاع. (المعجم الوسیط، ص ٤۵۷)۔
سمیہ: بلند مرتبہ والی۔ السمو العلو والرفعة۔ (المعجم الوسیط، ص ٤۵۳)۔
سفانہ: موتی۔ السفانة: اللؤلؤ. (المعجم الوسیط، ص ٤۳٤، و تاج العروس: ۳۵/۱۹۵)۔
سہیمہ: نصیب اور حصہ پانے والی، خوش قسمت، رشتہ و قرابت کا لحاظ رکھنے والی۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۱٦، و المعجم الوسیط، ص ٤۵۹، و تاج العروس: ۳۲/٤٤۰)۔
سمراء: گندم گوں، خوبصورت۔ (المعجم الوسیط، ص ٤٤۸، و تاج العروس: ۱۲/۷۱)۔
سنینہـ: سنت پر چلنے والی۔ سنینۃ سنۃ کی تصغیر ہے اور سنت رسول اللہ ﷺ کی شاہراہ ہے جس پر مسلمان چلتے ہیں تو سنینہ کا مطلب ہوگا سنت پر چلنے والی لڑکی، جس کو بطورِ مبالغہ زید عدل کی طرح سنینہ کہا گیا ہے۔
سلمی: سلامتی والی۔ (المعجم الوسیط، ص ٤٤٦)۔
سنا: چاند کی طرح روشن چہرے والی۔ السنا مقصود ضوء البرق. (الصحاح: ۵/۱۹۰۱)۔
سیما: علامت و نشانی۔ چہرہ پر نورِ ایمان کی نشانی۔ قرآنِ کریم میں ہے: سيماهم في وجوههم من اثر السجود۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۲۸، و المعجم الوسیط، ٤٦٦)۔
سنبلہ، سنبل: خوشبو دار پودا۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۰۷)۔
سبرہ: ٹھنڈی صبح۔ (القاموس الوحید: ۱/۷۳۹، و لسان اللسان، ص۵۷۱)۔
ساریہ: رات کی بارش اور بادل۔ (القاموس الوحید: ۱/۷٦٦، و لسان اللسان، ص۵۹۷)۔
سدرہ: بیری کا درخت۔ (القاموس الوحید: ۱/۷۵۷، و لسان اللسان، ص۵۸۷)۔
سونیہ: یہ اصل میں سوہنیہ ہے جس کے معنی خوبصورت لڑکی ہے اور سونی بھی اصل میں سوھنی ہے جس کے معنی خوبصورت کے ہیں۔
حرف الشین:
شمیلہ: چادر، با پردہ۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۸۹، و لسان اللسان، ص۳٦۸)۔
شیمہ: اچھی عادت و خصلت والی۔ (القاموس الوحید: ۱/۹۰۵)۔
شرفہ: شرافت والی، کنگورہ۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۵۸، و لسان اللسان، ص ٦٦٦، و لسان العرب: ۹/۱۷۱)۔
شمیم و شمیمہ: خوشبو دار، بلند مرتبہ والی۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۸۹، و لسان العرب: ۳۲۸، و المعجم الوسیط، ص ٤۹۵)۔
شاہیہ: شاہی مزاج والی۔ رغبت والی۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۹۵)۔
شاہین: ایک قوی، شکاری اور خوبصورت پرندہ کا نام ہے۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۹۵)۔
شہامہ: مستقل مزاج، با ہمت، بلند حوصلہ والی، ہوشیار، روشن ضمیر۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۹۵)۔
شارقہ: چمکدار روشن چہرہ والی ۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۵۹، و لسان العرب: ۱۰/۱۷۸) ۔
شہبہ: خوبصورت ۔ (القاموس الوحید: ۱/۸۹۲، و لسان اللسان، ص ٦۹۹، و المعجم الوسیط، ص ٤۹۷) ۔
شہلہ، شہلاء: سیاہ آنکھ والی جس کی آنکھوں میں سرخی اتری ہوئی ہو ۔ دانا عورت ۔ (القاموس الوحید: ۲/۸۹۵)
شیربانو: حضرت حسین رضی الله عنه کی ملکیت میں یزدجر کی لڑکی آئی انہوں نے ان کو آزاد کر کے ان کے ساتھ نکاح کیا تھا اور ان کے بطن سے زین العابدین پیدا ہوئے تھے ۔
شگفتہ: وہ لڑکی جس کا چہرہ مسکراتا اور کھلا ہوا ہو ۔ (لغاتِ سعیدی، ص ٤۵۸) ۔
شگوفہ: کلی اور پھول، غنچہ ۔ (لغاتِ سعیدی، ص ٤۵۸) ۔
شمائلہ: اچھی خصلتوں والی ۔
حرف الصاد:
صفیہ: پسندیدہ، چنیدہ ۔ الصفي من كل شيء، ہر چیز کا منتخب و چنیدہ حصہ ۔ (القاموس الوحید: ۱/۹۳۱، و لسان العرب: ۱۱/٤٦۳) ۔
صفورہ: پیلے رنگ کی، (عرب ہلکے پیلے رنگ کو پسند کرتے تھے) عیوب سے خالی ۔ (القاموس الوحید: ۱/۹۲۸، و المنجد، ص ۵٦۸، و المعجم الوسیط، ص ۵۱٦) ۔
صہباء: سرخ سفید رنگ یعنی خوبصورت ۔ (لسان العرب: ۵۳۲، و القاموس الوحید: ۱/۹٤۷) ۔
صفوہ: پسندیدہ ۔ (القاموس الوحید: ۱/۹۳۱، و لسان العرب: ۱٤/٤٦۲، و المنجد، ص ۵۷۰) ۔
صباحت: خوبصورت ۔ (القاموس الوحید: ۱/۹۰۷، و الصحاح: ۱/۳۳٤) ۔
حرف الضاد:
ضمیرہ: پتلی خوبصورت، دلدار لڑکی ۔ (لسان العرب: ٤/٤۹۱، و القاموس الوحید: ۲/۹۷٦) ۔
ظبیہ: ہرن کی طرح خوبصورت ۔ (الصحاح: ۵/۱۹۲۵، و لسان العرب: ۱۵/۲۳) ۔
ظعینہ: کجاوہ میں بیٹھی ہوئی یعنی پردہ نشین ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۰۳۰، و الصحاح: ۵/۱۷۳۳، و لسان العرب: ۱۳/۲۷۱) ۔
حرف العین:
عائشہ: خوش عیش، خوشحال زندگی گزارنے والی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱٤٦، و لسان العرب: ٦/۳۲۲) ۔
عفراء: سفید زمین، بہادر ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۰۹۸، و لسان العرب: ٤/۵۸۷، و الصحاح: ۲/٦٤۵) ۔
عاتکہ: خوشبو لگانے والی ۔ (الصحاح: ٤/۱۳۱۱، و لسان العرب: ۱۰/٤٦۳، و القاموس الوحید: ۲/۱۰٤٤) ۔
عذبہ: شیریں کلام والی ۔ عذب اللسان، وعذب الكلام. (القاموس الوحید: ۲/۱۰۵۹، و الصحاح: ۱/۱۵۹، و لسان العرب: ۱/۵۸٤) ۔
عمیرہ: دراز عمر والی، تاجدار ۔ (الصحاح: ۲/٦٤۹، و لسان العرب: ٤/٦۰٦) ۔
عمرہ: وہ مہرہ جس سے ہار کے موتیوں کو الگ کیا جائے وہ ہار کی خوبصورتی کا سبب ہے، اور اس میں عمر کی درازی بھی ہے ۔ (لسان العرب: ٤/٦۰٦) ۔
عنقودہ: انگور کا گچھا ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱۰٤، و الصحاح: ۲/٤۹٦، و لسان العرب: ۳/۲۹۹) ۔
عذراء: بے عیب، یعنی بغیر سوراخ کے موتی، دوشیزہ ۔ (الصحاح: ۲/٦۳۳، و لسان العرب: ٤/۵۵۱) ۔
عیینہـ: پانی کا چھوٹا سا چشمہ ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱٤۹، و الصحاح: ۵/۱۷٤) ۔
عاکفہ: پابندِ شرع ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱۱۱، و الصحاح: ۳/۱۱٦۲، و لسان العرب: ۹/۲۵۵) ۔
عنبریں: عنبر کی طرح خوشبو دار ۔ (لغاتِ سعیدی، ص ۵۳۵) ۔
حرف الغین:
غمیصاء: ستارہ کی طرح بلند ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱۸۳، و لسان العرب: ۷/٦۲، و الصحاح: ۳/۸۷۹) ۔
غفیرہ: کثرت والی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱۷٤، و لسان العرب: ۵/۲۷، و الصحاح: ۲/٦٦۱) ۔
غدیرہ: تالاب کی طرح ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱۵٦، و الصحاح: ۲/٦۵۷) ۔
غادہ: نرم و نازک ۔ (الصحاح: ۲/٤۵۱، و لسان العرب: ۳/۳۲۸) ۔
غادیہ: صبح کی بارش ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱۵۷، و لسان العرب: ۱۵/۱۱۸، و الصحاح: ۵/۱۹٤۵) ۔
حرف الفاء:
فاطمہ: بری عادتوں سے علیحدہ، مردوں سے الگ رہنے والی ۔ (الصحاح: ۲/۱۲٤۳) ۔
فاختہ: کبوتر کی ایک قسم، و چاند کی روشنی ۔ (الصحاح: ۱/۲۳۱، و لسان العرب: ۲/٦۵، و القاموس الوحید: ۲/۱۲۰۹) ۔
فکیہہ: خوش مزاج ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۲۵۰، و الصحاح: ۵/۱۷۹۵، و لسان العرب: ۱۳/۵۲٤) ۔
فارہہ: خوبصورت، دلکش ۔ (المنجد، ص ۷٤٤، و القاموس الوحید: ۲/۱۲۲۸، و لسان اللسان: ۲/۳۱٤) ۔
فرزینہ: شطرنج کا ایک مہرہ جو وزیر کے درجہ میں ہوتا ہے ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۲۱۷) ۔
فردوس: جنت، باغ ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۲۱٦، و لسان العرب: ۲/۳۰۷) ۔
فرزانہ: عقلمند، ہوشیار ۔ (لغاتِ سعیدی، ص ۵٦٤) ۔
حرف الکاف:
کبشہ: دنبی کی طرح متواضع، سردار ۔ (لسان اللسان: ۲/٤٤۰، و القاموس الوحید: ۲/۱۳۸۲) ۔
کلثوم: پر گوشت چہرہ والی، یعنی خوبصورت چہرہ والی ۔ (لسان اللسان، ص ٤۷۱، و القاموس الوحید: ۲/۱٤۱۸) ۔
کاظمہ: غصہ پینے والی، حسن اخلاق والی ۔ (لسان اللسان: ۲/٤٦۲، و القاموس الوحید: ۲/۱٤۱۱) ۔
کرشمہ: ناز اور غم زدہ کرنے والی، عاجزی کرنے والی ۔ (لغاتِ سعیدی، ص ٦۱۸) ۔
حرف الگاف:
گل رعنا: خوبصورت پھول ۔ دو رنگ کا پھول جو اندر سے سرخ اور باہر سے زرد ہو ۔ (لغاتِ سعیدی، ص ٦۵۰) ۔
گل لالہ: ایک قسم کا سرخ پھول جس میں سیاہ نقطہ ہوتا ہے اور موسمِ بہار میں ناظرین کو اپنے حسن و جمال کی طرف متوجہ کرتا ہے ۔
گل کدہ: باغ ۔
گلبدین: اصل میں گل بدن ہے جسے بگاڑا گیا ۔
حرف اللام:
لبابہ: عقلمند، ہوشیار، برگزیدہ ۔ لب كل شيء ولبابه: خالصه واللباب: الخالص من كل شيء، لبابة: عقلمند ہونا ۔ (لسان اللسان: ۲/٤۹۰، و القاموس الوحید: ۲/۱٤٤٦) ۔
لبنی: زیادہ دودھ پلانے والی، فائدہ پہنچانے والی ۔ (لسان اللسان: ۲/٤۹۳، و القاموس الوحید: ۲/۱٤۵۰) ۔
لیانہ: نرم ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۱۷) ۔
لینہ: کھجور، خوش مزاج، نرم خوئی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۱۷) ۔
لمیس: نرم و نازک ۔ (لسان اللسان: ۲/۵۱۷) ۔
لؤلؤہ: موتی ۔ (لسان العرب: ۱/۱۵۰، و المعجم الوسیط، ص ۸۱۰) ۔
لباقہ: مہارت رکھنے والی ۔ (المعجم الوسیط، ص ۸۱۳، و لسان اللسان: ۲/٤۹۳، و لسان اللسان: ۱۰/۳۲۷) ۔
حرف المیم:
معاذہ: پناہ دی ہوئی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۱٤۰، و لسان اللسان: ۲/۲۳۹، و لسان العرب: ۳/٤۹۸) ۔
میمونہ: مبارک ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۹۱٦، و الصحاح: ۵/۱۷۷۸، و المعجم الوسیط، ص ۱۰٦۷) ۔
مریم: عبادت گزار، و خدمت گزار ۔ (روح المعانی: ۳/۱۳٦، و تاج العروس: ۳۲/۳۰۲) ۔
ماریہ: خوبصورت، نیل گائے ۔ (لسان العرب: ۱۵/۲۷۹) ۔
محجنہ: لاٹھی، کمزوروں کا سہارا ۔ (القاموس الوحید: ۱/۱۳۱۵) ۔
مسیکہ: سہارہ والی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۵۳) ۔
ملیکہ: پیاری ملکہ ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۸۱، و المعجم الوسیط، ص ۸۸٦) ۔
میمنہ: خوش قسمت ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۹۱٦، و المعجم الوسیط، ص ۱۰٦٦) ۔
ملساء: چمکدار اور نرم ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۷۸) ۔
منیفہ: مناسب قد والی خوبصورت ۔ (لسان العرب: ۹/۳٤۲، و القاموس الوحید: ۲/۱۷۲۷) ۔
مزنہ: بارش والا بادل ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵٤۸، و لسان العرب: ۱۳/٤۰٦) ۔
مازیہ: فضیلت والی ۔ (لسان العرب: ۱۵/۲۷۹، و القاموس الوحید: ۲/۱۵٤۸) ۔
ملالہ: یہ پشتو کا لفظ ہے غم زدہ کے معنی میں ہیں جو دین اور قوم کا غم اور فکر لیے ہوئی ہو ۔
ملالئے: یہ بھی پشتو کا لفظ ہے اس کا آسان ترجمہ نشیلی اور خوابیدہ آنکھوں والی لڑکی ہے ۔
مرجانہ: ایک قیمتی پتھر اور ہاء آخر میں اظہارِ تانیث کے لیے ہے ۔ (لغاتِ سعیدی، ص ۷۱۷) ۔
مایرہ: خوراک اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے والی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۹۵) ۔
المیرہ: خوراک والی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۵۹۵) ۔
حرف النون:
نبیلہ: شریفہ ۔ (المعجم الوسیط، ص ۸۹۹) ۔
نَسیبہ: عالی نسب والی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱٦۳۹، و لسان العرب: ۱/۷۵٦) ۔
نُسیبہـ: پیاری مناسب لڑکی ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱٦۳۹، و لسان العرب: ۱/۷۵٦) ۔
نسیم، نسیمہ: نرم ہوا کی طرح پسندیدہ ۔ (لسان اللسان: ۲/٦۱٤، و القاموس الوحید: ۲/۱٦٤۴، و لسان العرب: ۱۲/ ۵۷٤) ۔
نائلہ: بخشش والی ۔ (المعجم الوسیط، ص ۹٦۷، و القاموس الوحید: ۲/۱۷۳۲) ۔
ناعمہ: نرم و نازک ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱٦۷٤) ۔
ناسکہ: عبادت گزار ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱٦٤۳) ۔
نجیبہ: شریف النسب ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱٦۱۰، و المعجم الوسیط، ص ٦۰۱) ۔
نسرین: ایک قسم کا پھول ۔ (غیاث اللغات، ص ۵۲٤) ۔
نیلوفر: ایک پانی والا پودا، معرب ہے نیلوپل کا۔ (غیاث اللغات، ص۵۳٦، و لغاتِ کشوری، ص۵۵۱)۔
ندیمہ: ہم نشین، و دوست۔ (القاموس الوحید: ۲/۱٦۲۸، و المعجم الوسیط، ص۹۱۱)۔
حرف الواو:
وجیہہ: عزت مند۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۸۱۷، و الصحاح: ۵/۱۸۰۳، و لسان العرب: ۱۳/۵۵۸)۔
وصیفہ: خادمہ۔ وصیفہ اس لیے کہتے ہیں کہ مخدوم کی ہر چیز کی اس کے سامنے تعریف کرتی ہے۔ (القاموس الوحید: ۲/ ۱۸۵۸، و الصحاح: ۳/۱۱۸۹، و لسان العرب: ۹/۳۵۷)۔
حرف الہاء:
ہاجرہ: برائیوں کو اور بے جا گھومنے کو چھوڑنے والی، خوبصورت۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۷٤۱، و لسان العرب: ۵/ ۲۵۲، و الصحاح: ۲/۱۷٦۳)۔
ہزیلہ: پتلی خوبصورت۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۷٦۳، و الصحاح: ٤/۱۵۰٤، و لسان العرب: ۱۱/٦۹۷)۔
ہانی: اگر لڑکے کا نام ہو تو خدمت گزار، اور لڑکی کا نام ہو تو بخشش اور عطیہ والی۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۷۸۳، و لسان العرب: ۱/۱۸٦، و الصحاح: ۱/۷۱)۔
ہندہ: برداشت اور صبر والی۔ (القاموس الوحید: ۲/۷۸٤، و لسان العرب: ۳/٤۳۹)۔
ہالہ: چاند کا دائرہ۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۷۸۹، و الصحاح: ۲/۱۵۸، و لسان العرب: ۱۱/۷۱۳)۔
ہُما: خوش قسمت۔ ایک پرندہ کا نام ہے جس کی بابت مشہور ہے کہ اگر اس کے سایہ کے تلے آ جاوے تو وہ بڑا اقبال مند اور بادشاہ ہوتا ہے۔ (لغاتِ سعیدی، ص۸۸۰)۔
حرف الیاء:
یسیرہ: نرم مزاج، آسانی والی، مال والی۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۹۱٤، و الصحاح: ۲/۷۳۰، و لسان العرب: ۵/۲۹٦)۔
یافعہ: اونچے درجہ والی۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۹۱٤، و لسان العرب: ۸/٤۱۵)۔
یاسمین: چنبیلی کی طرح خوشبو دار۔ (القاموس الوحید: ۲/۱۹۱٤، و لسان العرب: ۱۲/٦٤٦)۔
An alphabetical list of the Names with their meanings in English
Boys Names
Girls’ Names
Fatawa SA is an independent, read-only index of fatawa already published by Darul Iftaa, Darul Uloom Zakariyya. It is not a fatwa service. For your own situation, ask the issuing Darul Ifta directly.